لاہور، کراچی، کوئٹہ (نمائندگان جنگ، نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے، جاتی امراء میں پارٹی اجلاس اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں شروع کردی ہیں.
جاتی امرا میں شریف خاندان کی اہم بیٹھک میں پارٹی قائد نوازشریف، صدر شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت اسحاق ڈار شریک ہوئے.
اجلاس کو بتایا گیا کہ عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور جی ڈی اے مسلم لیگ (ن) کیساتھ چلنے کو تیار ہیں، اجلاس میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی لیڈرشپ سے ملاقات اور ٹیلی فونک رابطوں کا فیصلہ ہوا ہے.
اجلاس میں محاذ آرائی سے گریز اورنوازشریف کو پہلے اپنے قانونی معاملات پر فوکس کرنے کا مشورہ دیا گیا،پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اداروں نے ساتھ دیا تو نواز شریف ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔
اتوار کو اے این پی رہنما غلام احمد بلور نے بھی نوازشریف سے ملاقات کی، عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما غلا م احمد بلور نے کہا ہے کہ ملک کو گرداب سے نکالنے کیلئے وقت پر الیکشن ہونے چاہئیں.
نواز شریف نے 1992 میں بھی ملک کو معاشی عدم استحکام سے نکالاتھا ،امید ہے اب بھی ملک کیلئے کچھ اچھا کرینگے ،اگر اداروں نے نواز شریف کا ساتھ دیا تو نواز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکیں گے۔
بی اے پی کے سینئر کہدہ بابر نے نوازشریف کی وطن واپسی کا خیرمقدم کرتے ہیں، ان کی واپسی ملک کیلئے خوش آئند ہے، ملک سیاسی و معاشی استحکام کی طرف بڑھے گا۔
جاتی امراء رائے ونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام احمد بلور نے کہا کہ نوازشریف نے جیل میں بہت کڑا وقت گزارا، ملکی معاشی صورتحال بہتر کرنے کیلئے نوازشریف تدبر رکھتے ہیں ، الیکشن ہوں تو جو کوئی بھی اقتدار میں آتا ہے وہ تمام اداروں کو ساتھ لے کر بیٹھے۔
انہوں نے کہا کہ چین، بھارت سمیت چاروں اطراف کے ممالک ترقی کی جانب گامزن ہیں اور ہم تنزلی کی طرف جارہے ہیں،اگرملکی تمام ادارے نوازشریف کا ساتھ دیں تو وہ ملک کو مشکلات سے باہر نکال لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا جلسہ بہت بڑا تھا، میں خود بھی ٹریفک میں پھنسا رہا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ بات چیت ہو گی،اگر سب مل کر ملک کی ترقی کے لیے کام کریں تو ملک کی بہتری ہو گی ۔بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) نے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کیساتھ چلنے کا اعلان کر دیا۔
ترجمان بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر کہدہ بابر نے اپنے بیان میں کہا کہ ن لیگ کے اتحادی تھے، مستقبل میں بھی ساتھ مل کر چلیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی وطن واپسی کا خیرمقدم کرتے ہیں، ان کی واپسی ملک کے لیے خوش آئند ہے، ملک سیاسی و معاشی استحکام کی طرف بڑھے گا۔
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)کی رہنما سائرہ بانو نے کہاہے کہ ملک کے مفاد میں ہم وفاق میں ن لیگ کے ساتھ الیکشن لڑسکتے ہیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جی ڈی اے رہنما سائرہ بانو نے عندیہ دیا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
رہنما گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے)سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ ہم اکیلے کچھ نہیں کر سکتے، عوام کو جگانے کی کوشش کرینگے، اگر ایک دوسرے کو گھسیٹنے اور پیٹ پھاڑنے والے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں۔
kk