کراچی (جنگ نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دعویٰ کیا کہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنے بیانیے کو تبدیل کرنے اور ایک ’ڈیل‘ کے تحت ملک واپس آئے ہیں۔ آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان ایڈووکیٹ شعیب شاہین نے کہا کہ ملک پر مفرور مسلط کیا جا رہا ہے، ایک مجرم اور مفرور کو ریاست کے مہمان کا درجہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ملک میں گزشتہ 16 ماہ میں سب سے زیادہ مہنگائی کی۔شعیب شاہین نے لاہور میں پی ٹی آئی کی کارنر میٹنگ پر چھاپہ مارنے پر بھی پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس، پی ٹی آئی کے حامیوں کے گھروں پر بھی چھاپے مار رہی ہے اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے قید چیئرمین عمران خان کو جلسے کی اجازت دی گئی تو وہ مسلم لیگ (ن) سے بڑا پاور شو کریں گے۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر سابق وزیراعظم کی بائیو میٹرک تصدیق پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ لوگوں نے دیکھا کہ کس طرح ایک مجرم کو ضمانت دی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔