میرپور(آئی این پی) سابق امیدوار اسمبلی و سابق سیکرٹری حکومت ڈاکٹر محمود الحسن راجہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نواز شریف کے لاہور جلسہ میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے وہ اتوار کی صبح گاڑی کے حادثہ میں جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگرتین افراد زخمی ہوگئے۔ مرحوام کی نماز جنازہ سیکٹر ڈی فور کی جامع مسجد میں ادا کردی گی۔ڈاکٹر محمود الحسن راجہ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے میں شرکت کے بعد واپس کوٹلی آ رہے تھے کہ انکے گاڑی کو خالق آباد اور کاکڑہ کے درمیان موڑ کاٹتے ہوئے حادثہ پیش آیا اورگاڑی کئی فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ حادثہ کے وقت گاڑی خود ڈاکٹر محمود الحسن چلا رہے تھے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض کی ہدایات پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرکے ریسکیو 1122،شہری دفاع اور مقامی لوگوں نے گاڑی کاٹ کر زخمیوں کو ریسکیو کیا جبکہ ڈاکٹر محمود الحسن راجہ موقع پر ہی جان بحق ہوگئے۔زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور لایا گیا جہاں ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض سمیت دیگر افسران اور عوام الناس کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی۔نماز جنازہ میں وزراءحکومت جاوید اقبال بڈھانوی سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔بعد ازاں میت کو پورے اعزاز کے ساتھ کوٹلی کے لئے روانہ کردیا گیا جہاں ان کی نماز جنازہ 23اکتوبر بروز پیر دن گیارہ بجے کوٹلی اسٹیڈیم میں ادا کی جائے گی۔