• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی واپسی قوم پر حوصلہ افزاء تاثر نہیں چھوڑ سکی، تحریک انصاف

کوئٹہ (پ ر) تحریک انصاف کے رہنما حاجی سیف اللہ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو قوم نے مسترد کردیا ، چار سال بعد ان کی واپسی قوم پر کسی قسم کا حوصلہ افزا تاثر نہیں چھوڑ سکی، ان کی واپسی اور جلسے میں قوم نے کسی قسم کی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا کیونکہ پوری قوم جانتی ہے کہ وہ یہاں صرف حکمرانی کرنے اور لوٹ مار کیلئے آتے ہیں انہیں ملک و قوم سے کوئی دلچسپی نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ چار سال پہلے نواز شریف قوم کے ساتھ جھوٹ بول کر پچاس روپے کے اسٹامپ پیپر پر باہر گئے، عدالتوں نے انہیں مفروراور بھگوڑا قرار دیا اور اب پھر وہ ڈیل کرکے آگئے لیکن اس مرتبہ قوم باشعور ہوگئی ہے اور قوم نے نوا ز شریف کو بری طرح مسترد کردیا ایک سرٹیفائیڈ چور کو جسطرح سرکاری پروٹوکول دے کر پاک صاف کرنے کی کوشش کی گئی اس نے قوم کے ذہنوں میں کئی سوالات چھوڑد یئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کو کاؤنٹر کرنے کیلئے نواز شریف کو لایا گیا مگر یہ تجربہ بری طرح ناکام ہوگیا ہے، قوم کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا سیاسی و معاشی استحکام کیلئے شفاف انتخابات ناگزیر ہیں۔