کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شہید بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پولیو سے محفوظ پاکستان شہید بینظیر بھٹو کا خواب تھا ، پولیو دہائیوں سے پاکستان کیلئے خطرہ بنا ہوا ، ہم سب کو ملکر اپنے بچوں کو باقاعدہ ویکسی نیشن کے ذریعے اس بیماری سے بچانا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار دونوں نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں کیا۔ بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس ریلزکے مطابق، پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے پولیو کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کو بلاشبہ آج بھی یاد ہے کہ یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہی تھیں، جنہوں نے پاکستانی بچوں کو زندگی بھر اپاہج بنانے والے مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے ملک میں پہلی بار انسدادِ پولیو پروگرام کا آغاز کیا۔