اسلام آباد (نمائندہ جنگ، اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ضمانت میں جمعرات 26 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کیخلاف اپیلوں کی بحالی سے متعلق درخواستوں میں نیب کو جواب کیلئے نوٹسز جاری کردیئے، دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا آپ نے مطمئن کرنا ہے کہ آپ غیر حاضر کیوں رہے؟ جسٹس گل حسن نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا نواز شریف کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا گرفتاری نہیں چاہیے۔منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی خصوصی بینچ نے نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کی۔ سماعت شروع ہونے پر اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ نے کہاکہ اپیلیں بحال کرنے کی درخواست ہے۔