لاڑکانہ( بیورو رپورٹ) جے یو آئی کا امن مارچ مولانا راشد محمود سومرو کی قیادت میں رات گئے لاڑکانہ پہنچ گیا جہاں اس کا شاندار استقبال کیا گیا۔ جلوس کے شرکا پر شہریوں کی جانب سے گلپاشی کی گئی۔ رات گئے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ گذشتہ پندرہ سالوں کے دوران پیپلز پارٹی نے سندھ کو کرپشن اور بد امنی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اربوں روپئے خرچ ہونے کے باوجود آج بھی ڈاکو راج قائم ہے اور پولیس ان پر قابو پانے میں بے بس ہے۔ درجنوں لوگ ڈاکوؤں کے پاس یرغمال ہیں بلکہ اب تو چھوٹے بچے بھی اغوا کرکے تاوان طلب کیا جا رہا ہے جو انتہائی شرمناک ہے۔ وقت آگیا ہے کہ عوام بیدار ہوں اور ایسے سفاک رہنماؤں کو الیکشن میں مسترد کردیں۔ انہوں نے کہ ہمارا امن مارچ دو نومبر کو کراچی پہنچے گا جہاں قائد جمیعت مولانا فضل الرحمن اور فلسطینی رہنما خطاب کریں گے۔ مولانا راشد محمود سومرو نے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے امت مسلمہ کو اسرائیل کے خلاف متحد ہو جانےکی اپیل کی۔ مولانا راشد محمود کا خطاب رات گئے تک جاری تھا۔ قبل ازیں مارچ کے شرکا سے جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صفدر عباسی، سابق رکن سندھ اسمبلی معظم عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔