لاہور (اے پی پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلم امہ غزہ کو بچانے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرے ۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بدھ کو منصورہ میں پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 19دن ہو گئے ہیں غزہ پرآگ اور لوہے کی بارش ہورہی ہے، بموں سے ہر طرف آگ لگی ہوئی ہے،ہر روز فلسطینی شہید ہورہے ہیں، کھانے پینے کی کوئی چیز نہیں ہے،3لاکھ ا سرائیلی فوجیوں نے فلسطین کا محاصرہ کیا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کا یہ پیغام ہے کہ غزہ ملبے کا ڈھیر بن جائے گا ،فلسطینیوں کوکتنی اور جانیں قربان کرنا پڑیں گی ،اس وقت ہزاروں مسلمان عورتیں اسرائیل میں قید ہیں ،ان پر ظلم ہورہا ہے۔