• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوآن استعمال سے پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہونگے، اسٹیٹ بینک

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے کہا ہے پاکستان میں سرکاری اور نجی شعبے کے کاروباری اداروں دونوں کو دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کارانہ سرگرمیوں کے لیے چین کےکلیئرنگ سسٹم آر ایم بی(یوآن) کے استعمال کی پوری اجازت ہے،اسٹیٹ بینک اعلامیہ کے مطابق جناح کنونشنل سینٹر اسلام آباد میں آئی سی بی سی بینک کے زیر اہتمام ’’سرحد پار سیٹلمنٹ میں آر ایم بی کے استعمال کی ترویج‘‘ پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اور دیرپا معاشی اور مالی تعلقات کو اجاگر کیا اور کہا کہ چین کے ساتھ سرحد پار کاروباری اور سرمایہ کاری لین دین کے تصفیے میں ریمنبی (آر ایم بی) کو استعمال کرنے سے یہ تعلقات مزید مضبوط ہوسکتے ہیں۔ یہ تقریب پاکستان میں پیپلز بینک آف چائنا (پی بی او سی) کی جانب سے آر ایم بی کے کلیرنگ ایجنٹ کے طور پر بینک کے تعین کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔گورنر اسٹیٹ بینک نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے معاشی تعلقات کی اہمیت کے پیش نظر اسٹیٹ بینک نے ضروری ضوابطی فریم ورک قائم کردیا ہے جو تجارت اور سرمایہ کاری کے لین دین میں آر ایم بی کے استعمال میں سہولت فراہم کرتا ہے، جیسے ایل سی کھولنا اور آر ایم بی میں فنانسنگ سہولتیں حاصل کرنا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ضوابط کے لحاظ سے آر ایم بی کا دیگر بین الاقوامی کرنسیوں جیسے امریکی ڈالر، یورو اور جاپانی ین سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ چین کے ساتھ تجارت میں آر ایم بی کے استعمال کو فروغ دینے کی مرکزی بینک کی کوششوں کے نتیجے میں چین سے آر ایم بی میں پاکستانی درآمدات جو مالی سال 18ء میں تقریباً 2 فیصد تھیں ،مالی سال 22ء میں بڑھ کر لگ بھگ 18 فیصد ہوگئیں۔ جمیل احمد نے مقامی آر ایم بی کلیرنگ سسٹم اور تجارت کو آر ایم بی میں انجام دینے کے فوائد کا بھی ذکر کیا جن میں اس میں صَرف ہونے والا کم وقت ،مقامی بینکاری نظام کے لیے لاگت میں کمی، مقامی بینکاری نظام کے لیے آر ایم بی تصفیے تک آسان رسائی، دوطرفہ تجارتی لین دین کی قیمتوں میں بہتری اور ان کی مسابقت کا بہتر ہونا اور پاکستانی کاروبار کے لیے نئی منڈیوں کا کھلنا شامل ہیں۔
اہم خبریں سے مزید