• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں دو روزہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول اختتام پذیر

سکھر(بیورورپورٹ )آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں منعقدہ دو روزہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا۔اختتامی اجلاس میں غزہ میں اسرائیلی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت اور یکساں تعلیمی نظام راج کرنے سمیت 12 قراردادوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فلسطین، خاص طور سے غزہ میں جاری اسرائیلی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی پُرزور مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا کہ اس جارحیت کو فی الفور روکا جائے اور متاثرین کی بحالی اور مسئلہ فلسطین و کشمیر کے مستقل حل کے لئے سنجیدہ کوششیں اور مسئلہ کا حل وہاں کے عوام کی مرضی و منشا کی روشنی میں حل کیا جائے۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ تاریخی فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر میزبان اداروں، ملک بھر کے ادیبوں، دانشوروں، اساتذہ، شہریوں اور خاص طور سے صوبے کے دور افتادہ علاقوں سے آنے والے طلبہ و طالبات کے مشکور ہیں جن کی پرُشوق شمولیت اور مختلف اجلاسوں میں شرکت نے اس فیسٹیول کو کامیاب بنایا۔ مایوس کن حالات میں بھی ہماری توجہ کا مرکز نئی نسل ہونا چاہئے، قومی فیصلہ سازی ہماری قومی ترجیحات میں تعلیم، تحقیق اور روزگار کی فراہمی کو اولیت دینے کی ضرورت ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ہم تعلیم کے شعبے میں موجود عدم توازن، مختلف تضادات اور طبقاتی امتیازات کی مذمت اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک میں ایک ایسا تعلیمی نظام نافذ کیا جائے جو عوام دوست اور اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ، روشن خیال اقدار پر استوار اور ہر شہری کی دسترس میں ہو۔ اجلاس نے قرار دیا کہ ہم ثقافتی، ادبی اور دیگر تہذیبی سرگرمیوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔پاکستان لٹریچر فیسٹیول 2023ءسکھر چیپٹر کے آخری روز ساتویں سیشن میں میڈیا میں بدلتے رجحانات کے موضوع پر سہیل ورائچ نے کہا کہ ہمارے صحافی کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو اخبار پڑھیں، کتابیں پڑھیں سچی اور جھوٹی خبر کو پہچانیں۔ مظہر عباس نے کہا کہ صحافیوں کی تعداد بہت بڑھ گئی ہے لیکن وہ صحافت نہیں کر رہے ہیں صحافت اب کاروبار کا ذریعہ بن گیا ہے۔ فاضل جمیلی نے کہا کہ ہمارے ہاں کے صحافی میڈیا اور سوشل میڈیا کے درمیان کی لکیر بھول گئے ہیں۔ وسعت اللہ خان نے کہا کہ میں آج کے یوٹیوبر کو بھی صحافی سمجھتا ہوں، مواد کا معیار آپ کو خود دیکھنا ہوگا کہ آ پ کیا مواد دے رہے ہیں۔ غازی صلاح الدین نے کہا کہ خبر میں سچ کی تلاش، حقائق کو کس طرح لکھا جاتا ہے یہ ایک صحافی کو معلوم ہونا چاہئے۔ اس موقع پر خورشید شاہ، احمد شاہ اور نورالہدی شاہ نے خصوصی شرکت کی۔آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے مشترکہ تعاون سے دو روزہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول 2023 سکھر چیپٹر علم و ادب، سندھ کی ثقافت، تاریخ و تحریک پر سیرحاصل گفتگو اور تجاویز کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔