کوئٹہ (نمائندہ جنگ)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے فلسطین کی آزادی کیلئے شریک ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی جنگ آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے ، امریکا اب سپر پاور نہیں رہا ، مسلم ممالک کو غیرت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں میں طوفان الاقصیٰ کانفرنس سے خطاب میں کہی۔ جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر پوری دنیا میں بے حسی نظر آتی ہے ، پاکستانی حکمرانوں ، اسلامی ممالک، او آئی سی، اقوام متحدہ کی تنظیموں کی جانب سے اسرائیلی جارحیت پرواضح موقف اختیار نہ کرنا قابل مذمت ہے ، مسلم ممالک کےحکمران اس بربریت پر بھی چپ سادھے بیٹھے ہیں ، دنیا کو اسرائیل کے مظالم دکھائی نہیں دیتے ، حماس اور فلسطینی عوام کی غیرت کو سلام پیش کرتے ہیں ، جس طرح مودی اسرائیل کی حمایت میں کھڑا ہے اسی طرح ہمارے حکمران بھی کھل کر فسلطینیوں کے ساتھ کھڑے ہوں ، حکمرانوں کو امریکی غلامی کا طوق اتارکر فلسطین کی حمایت میں سامنے آنا ہوگا ورنہ پاکستانی قوم انہیں کبھی معاف نہیں کریگی ۔