کراچی(سید محمد عسکری ) وفاقی حکومت کی جانب سے غیر ملکی شہریوں بالخصوص افغانی شہریوں کو ملک بدر کرنے کے لئے حکومتی اقدامات کے تحت کراچی میں مقیم غیر قانونی افغانوں کو گرفتار کرکے پہلے انٹرنیشنل ہوسٹل آمین ہاؤس اورپھر جگہ نہ ہونے پر بیت الحجاج کراچی میں رکھا جائے گا اور بعد ازاں افغانستان یا کسی اور متعلقہ ملک بھیجا جائے گا۔ اس مقصد کیلئےانٹر نیشنل اسکاؤٹ ہوسٹل آمین ہاؤس میں دفتر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم افغانوں کو گرفتار کر کے ان کے ملک واپس بھیجنے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز کمشنر کراچی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے بھی کئے گئے۔