کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا۔ بدھ کو پہلے راؤنڈ میں لاہور وائٹس، ملتان، پشاور اور راولپنڈی نے فتوحات سمیٹ لیں۔ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ملتان نے فیصل آباد کو4 وکٹوں سے شکست دیدی۔ فیصل آباد نے 42 اوورز میں8 وکٹ پر214 رنز بنائے۔ فہیم اشرف اور محمد سلیم نے نصف سنچریاں بنائیں۔ ملتان نے چھ وکٹوں پر اسکور پورا کرلیا۔ شرجیل خان نے 69 گیندوں پر 100 رنز اسکور کیے۔ ایبٹ آباد میں راولپنڈی نے فاٹا کو16 رنز سے ہرادیا۔پنڈی میں لاہور وائٹس نے لاہور بلوز کو67 رنز سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے مقررہ 45 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 199 رنزبنائے۔ ناکام ٹیم 132 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ احمد دانیال نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور نے کراچی وائٹس کو7 وکٹوں سے ہرادیا۔ کراچی وائٹس 205 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پشاور نے تین وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا۔ زین خان، عادل امین اور نبی گل نے ففٹیاں بنائیں۔