کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کا چاند مبارک ہو، پی ٹی آئی سے اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا، پی ٹی آئی اور باقی تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان بھی ایک میثاق جمہوریت ہونا چاہئے، تحریک انصاف سے انتخابات پر بات نہیں ہوئی ، سیاسی جماعتوں کی اپنی مرضی ہے وہ جو چاہیں اپنا بیانیہ بنائیں البتہ ان کے درمیان میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نمائش چورنگی پرایک قائم کی جانے والی ڈائیگنوسٹک لیب کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول بھٹوزرداری کے ہمراہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، سابق صوبائی وزیر سعید غنی، سینٹر وقار مہدی بھی تھے۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ سب کو الیکشن کا چاند مبارک ہو بہتر ہوتا سپریم کورٹ کو مداخلت نہیں کرنا پڑتی۔کوئی ایک الیکشن بتائیں جس میں پیپلز پارٹی کولیول پلیئنگ فیلڈ ملی ہو ہمیں کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی لیکن پھر بھی حکومت بناتے رہے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ سب کو الیکشن کی چاند مبارک ہو،یہ بہت بڑی کامیابی ہے ،بہتر یہ ہوتا سپریم کورٹ کو مداخلت نہ کرنا پڑتی اورالیکشن کمیشن خود اعلان کرتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ کیوں امید رکھیں کہ الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ ملے ،ہم نے پہلے بھی لیول پلیئنگ فیلڈ کے بغیر حکومت بنائی ہے۔