اسلام آباد (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن میں روایتی سیاسی اشرافیہ سے مقابلہ ہوگا۔ ملک پر سالہا سال مسلط رہنے والی پارٹیوں نے لوٹ مار کی، عوام کو آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں پہنائیں، کارکن قوم کوان پارٹیوں کے کرتوتوں سے آگاہ کریں، الیکشن مہم میں تیزی لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ منصفانہ الیکشن کے لئے لیول پلیئنگ فیلڈ ضروری ہے، تمام پارٹیوں کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ الیکشن کمیشن کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کرانا ہوگا۔ اشیاء خور و نوش اور ادویات کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں۔ عام آدمی دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہا ہے۔ ان مشکلات سے نکلنے کا واحد راستہ ملک میں اسلامی نظام کا قیام ہے۔