کول کتہ (عبدالماجدبھٹی) ورلڈکپ میں بھارت اور جنوبی افریقا پوائنٹس ٹیبل پر پہلی دو پوزیشن پر براجمان ہیں، دونوں ٹیمیں سیمی فائنل میں کوالی فائی کرچکی ہیں بھارت8میچ جیت کر 16پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ جنوبی افریقا کو دوسری شکست ہوئی اس نے8میں سے چھ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ آسٹریلیا دس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان ، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے 8،8پوائنٹس ہیں۔ دفاعی چیمپئن انگلینڈ دو پوائنٹس کے ساتھ سب سے آخری نمبر پر ہے۔ گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ فور ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔9 نومبر کو سری لنکا جیتے یا پھر بارش کے باعث میچ ختم ہوجائے اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ بھی مل جائے تب بھی پاکستان کو فائدہ ہوگا۔اس کے بعد پاکستان 11 نومبر کو آخری میچ میں انگلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔اگر نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو ہرادیا تو پھر پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے انگلینڈ کے خلاف جیت کے ساتھ مخصوص رن ریٹ بھی حاصل کرنا ہوگا جس کا فیصلہ نیوزی لینڈ کی جیت کے مارجن سے طے ہوگا۔