راولپنڈی(نمائندہ جنگ)مشیر وزیراعلی پنجاب برائے قانون و پارلیمانی امور کنور دلشاد نے چک بیلی موڑ کے مقام پر قائم راولپنڈی کی پہلی سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا اور مختلف سٹالز پر جاکر نرخ بھی چیک کئے۔ انہوں نے سبزی منڈی میں ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کمیشن ایجنٹس سے کہا کہ وہ اس منڈی میں زیادہ زرعی پیداوار براہ راست کسانوں سے لائیں تاکہ ضروری سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ اسلام آباد کے مقابلے میں کم ہوسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سبزی و فروٹ منڈی کا قیام وزیراعلی پنجاب کے عوام و کسان دوست پروگرام کا حصہ ہے ،سبزی منڈی کے قیام سے راولپنڈی کے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈیننیشن سید نذارت علی، اےڈی سی جی مجاہد عباس، ڈائریکٹر زراعت (ایکسٹینشن) شاہد بخاری ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی راولپنڈی محمد بلال اور دیگر موجود تھے۔ ڈائریکٹر زراعت توسیع بتایا کہ اسلام آباد کی منڈی کی نسبت راولپنڈی کی سبزی و فروٹ منڈی میں 20 فیصد کم نرخ پر اشیاء دستیاب ہیں۔ منڈی سے راولپنڈی کی 30 لاکھ آبادی براہ راست مستفید ہوگی۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن نے کہاکہ انتظامیہ سبزی منڈی کے نرخوں کے مطابق شہر میں اشیاء ضروریہ کی فروخت کو یقینی بنانے کےلئے کوشاں ہے۔