بہاولپور(آئی این پی)اپر انڈس راک پینٹنگ کوریڈور کے تحفظ کے منصوبے کے لئے چونگ چھنگ نرمل یونیورسٹی کی سربراہی میں پاک چین آثار قدیمہ کی مشترکہ ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا مقصد آثار قدیمہ کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے خطے کے بھر پور ثقافتی ورثے کو محفوظ اور فروغ دینا ہے۔ چٹانوں کی یہ پینٹنگز مختلف مسافروں، تاجروں، زائرین اور علاقے کے قدیم باشندوں نے چھوڑی تھیں جو تجارتی راستوں سے گزرتے تھے، اور 5000قبل مسیح اور 1000عیسوی کے درمیان کی ہیں،اس ثقافتی خزانے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے چینی اور پاکستانی حکومتوں نے ان قدیم فن پاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تعاون کیا ہے۔ اس مشترکہ اقدام میں دونوں ممالک کے اداروں اور یونیورسٹیوں کے ماہرین شامل ہیں۔ پروجیکٹ ٹیم منصوبے کے علاقے میں اہم مقامات اور نوادرات کی جامع تحقیقات اور حفاظت کیلئے 3سالہ فیلڈ تحقیقات اور سروے کریگی، اور تعلیمی سیمینار، اہلکاروں کی تربیت، کامیابی کی پریزنٹیشن، اور دیگر کام منعقد کرے گی۔