کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی مشکلات خود ان کا فرمائشی پروگرام ہے،پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جب ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے گلہ ہو گا تو کھل کر بات کریں گے،فی الحال ہمیں سویلین اسٹیبلشمنٹ سے گلہ ہے، میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتےہوئے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ اسرائیلی جارحیت میں شدت آرہی ہے، اسرائیلی فورسز نے غزہ کے تمام بڑے اسپتالوں کو گھیرا ہوا ہے، اسپتالوں کے باہر ٹینک اور اسنائپرز تعینات کیے گئے ہیں۔ ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو اب بھی ہمارا بیانیہ ہے، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دونوں جماعتیں الیکشن میں ن لیگ کو نفسیاتی برتری دینے کی مہم چلارہی ہے، ہم کروڑوں روپے خرچ کر کے بھی یہ نتائج حاصل نہیں کرسکتے تھے، انشاء اللہ یہ تاثر حقیقت بنے گا کہ اگلی حکومت ن لیگ کی آرہی ہے، ان کو سیاست کا الف ب کا بھی نہیں پتا ہے، جو مخالف کی برتری کی خوشخبری سنائے اس سے زیادہ سیاست میں عقلمند کون ہوگا؟۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2018ء میں نام نہاد پاناما کیس کے ذریعہ نواز شریف کو میدان سے باہر کیا گیا، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کو 2018ء میں واک اوور ملا اس کے باوجود ن لیگ نے فتح حاصل کی، چیئرمین پی ٹی آئی اپنے فیصلوں کے خود ذمہ دار ہیں، تحریک عدم اعتماد کے بعد کس پاگل نے انہیں اسمبلیوں سے استعفے دینے کا مشورہ دیا تھا، کس عقلمند نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اپنی حکومتیں اپنے ہاتھوں سے ختم کردیں، عمران خان کو کس عقلمند نے کہا تھا کہ نو مئی کو فوجی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملے کر کے مسلح افواج کے ساتھ جنگ شروع کردیں، عمران خان کی مشکلات خود ان کا فرمائشی پروگرام ہے، اس میں نہ اپوزیشن کا نہ اسٹیبلشمنٹ کا قصور ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کے مزاحمتی بیانیے نے اپنے اثرات دکھائے ہیں، ہمارے بیانیے کے بعد اسٹیبلشمنٹ نے کہا کہ اب سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے،سپریم کورٹ کی طرف سے پچھلے چیف جسٹس تک سیاسی مداخلت ہوتی رہی، نئے چیف جسٹس نے فل کورٹ کے ساتھ بیٹھ کر پارلیمنٹ کے فیصلوں کا احترام کیا، یہ ہمارے پارلیمنٹ کی بالادستی کے موقف کی جیت ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف بلاشبہ لاڈلے ہیں مگر پاکستانی عوام کے لاڈلے ہیں، عوام نے مینار پاکستان پر نواز شریف کا تاریخی استقبال کیا،نواز شریف بار بار کردار کشی کے باوجود لوگوں کے دلوں سے نہیں نکل سکے۔