• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس نظام کی بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے، وزیراعظم کاکڑ

اسلام آباد (اے پی پی) نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام میں بہتری کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے، اسمگلنگ کے کنٹرول کیلئے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں لیکن اس حوالے سے مزید تندہی سے کام کرنا ہو گا،۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے متعلق اجلاس یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کوٹیکس نیٹ وسیع کرنے اور ٹیکس سسٹم کو ڈیجیٹلائز کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایف بی آر کی ری اسٹرکچر نگ کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ایف بی آر کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے اور اس حوالے سے ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے جس میں تمام متعلقہ اداروں کی تجاویز بھی شامل کی جائیں، محصولات کی وصولی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام میں بہتری کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے ، اسمگلنگ کے کنٹرول کے لئے پچھلے دنوں کافی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں لیکن اس حوالے سے مزید تندہی سے کام کرنا ہو گا۔ اجلاس میں نگراں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، مشیر وزیر اعظم احد چیمہ، چیئرمین ایف بی آر، وفاقی سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اہم خبریں سے مزید