• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ بلوچستان میں سرگرم، نواز شریف کی کوئٹہ میں ملاقاتیں، جام کمال، سردار رحمٰن کھیتران سمیت 30 سے زائد شخصیات ساتھ دینے کو تیار

کوئٹہ (ایجنسیاں/جنگ نیوز)مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں سرگرم ‘پارٹی قائد نوازشریف نے مرکزی قیادت کے ہمراہ کوئٹہ میں ڈیرے ڈال دیے۔بلوچستان کی بڑی سیاسی جماعتوں اور قائدین سے کوئٹہ میں ملاقاتیں ‘سابق وزیراعلی بلوچستان جام کمال‘ سابق رکن اسمبلی سلیم کھوسہ، نور محمد دمڑ، ربابہ بلیدی، سابق وزیر سردار عبدالرحمان کیتھران، محمد خان لہڑی، سردار مسعود لونی ‘ سردار فتح محمد حسنی، مجیب الرحمن محمد حسنی، میر عاصم کرد، میر دوستین ڈومکی‘شعیب نوشیروانی سمیت بلوچستان عوامی پارٹی‘بی این پی مینگل‘ نیشنل پارٹی اور پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والی 30سے زائد اہم شخصیات نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا جبکہ نوازشریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ترقی ہمیشہ سے عزیز رہی ہے‘پہلے بھی سب کو ساتھ لے کر چلے تھے اور اب بھی اسی روایت کو برقرار رکھیں گے، سب کے ساتھ تعاون کے رشتے کو مزید مضبوط بنائیں گے‘مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کی فیصلہ کن جدوجہد کریں گے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد شمولیتی پروگرام کے حوالے سے منگل کو کوئٹہ پہنچا تھا جہاں اُن سے سابق وزیراعلیٰ ‘وزراء، سابق اراکین اسمبلی سمیت درجنوں اہم سیاسی شخصیات نے ملاقاتیں کیں۔بعد ازاں سابق وزیر خان محمد جمالی، فائق جمالی، غفور لہڑی، شعیب نوشیروانی، ذین مگسی‘محمد خان ‘شیر گل خلجی، حاجی برکت رند، شوکت بنگلزئی، عطااللہ‘میر انور شاہوانی، سردار علی حیدر ایم حسنی، جعفر کریم بنگار، سردار زادہ ادریس تاج، آغا فیصل احمد زئی، ملک شہریار، رامین ایم حسنی اور حاجی نور اللہ لہڑی، سعید الحسن عاطف سنجرانی ڈاکٹر اشوک کمار‘ ڈاکٹر محمد ایوب بلوچ‘ میر اسماعیل بلوچ ‘میر طارق بگٹی‘ بسنت لال گلشن، محمد کاشف، مصلح الدین مینگل، داؤد شاہوانی، سردار نعمت اللہ تمرانی بزنجو، سردار زادہ میر اخلاق کدرانی، سردار زادہ عالم خان تمرانی بزنجو ودیگربھی مسلم لیگ(ن) کا حصہ بن گئے ۔قبل ازیں نوازشریف کی کوئٹہ میں باپ، نیشنل پارٹی‘ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے قائدین سے ملاقاتیں ہوئیں۔ جس میں شہباز شریف، مریم نواز، پرویز رشید اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔

اہم خبریں سے مزید