کراچی(اسٹاف رپورٹر)ورلڈ کپ کے بعد پاکستانی ٹیم انتظامیہ اور پی سی بی کے بڑوں کی بیٹھک بدھ کو قذافی اسٹیڈیم میں لگے گی۔
کپتان بابر اعظم ، ڈائریکٹر مکی آرتھر،ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور منیجر ریحان الحق ہیڈ کوارٹر میں چیئرمین ذکا ء اشرف ،چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور پی سی بی حکام کو دورہ بھارت کی رپورٹ دیں گے جس میں شکست کے اسباب اور مستقبل کی حکمت عملی پر بات ہوگی ٹیم انتظامیہ بتائے گی کہ شکست کی وجوہات کیا تھیں ۔
ذرائع کے مطابق محمد حفیظ نے منگل کو چیف سلیکٹر کی حیثیت سے کام کرنے سے انکار کردیا، ذکاء اشرف انہیں کوئی اہم ذمے داری دینا چاہتے ہیں۔
یونس خان اور محمد حفیظ کو دوپہر کو ملاقات کے بعد شام کو دوبارہ چیئرمین سے ملاقات کی کیوں کہ ذکا ء اشرف کو پی ایس ایل میٹنگ میں شرکت کرنا تھی اس لئے دونوں کرکٹرز کو بھی سوچنے کے لئے وقت دیا گیا۔ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد پی سی بی ہیڈ کوارٹرزمیں ملاقاتوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ۔
بھارت میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم ، ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر اور ٹیم انتظامیہ کے حکام بدھ کو چیئرمین ذکاء اشرف سے ملاقات کریں گے ۔ایسے میں سابق کپتان یونس خان،محمد حفیظ اور سہیل تنویر کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ اہم ذمے داریاں ملنے والی ہیں۔
یونس خان کو کراچی کی پی سی بی اکیڈمی میں ذمے داری سونپی جارہی ہے انہیں کرکٹ کی ترقی میں کام کرنے کا کہا گیا ہے۔
مکی آرتھر ،ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور بیٹنگ کوچ پیوٹک کوفارغ کئے جانے کا امکان ہے لیکن اس بارے میں حتمی فیصلہ چیئرمین اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے مکی آرتھر سے ملاقات کے بعد کریں گے۔
آسٹریلیا کے دورے سے قبل پاکستانی ٹیم کا منظر نامہ تبدیل ہوسکتا ہے۔لیکن بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی تجویز ہے البتہ وائٹ بال کپتان تبدیل ہوسکتا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اگلے دودن میں پی سی بی اہم تبدیلیوں کا اعلان کرے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ کرکٹرز نے جلد بازی میں تبدیلیاں نہ کرنے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھ کر پلاننگ کرنے کا مشورہ دیا ۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ17نومبر کو ذکا اشرف آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت جائیں گےاس سے قبل ذکا اشرف ٹیم مینجمنٹ اور کپتان بابراعظم سے ملاقات کریں گے۔