اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سپریمو اور سابق وزیراعظم نواز شریف کوئٹہ سے واپسی کے بعد سیالکوٹ کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ پنجاب میں لاہور سے باہر یہ ان کا پہلا دورہ ہوگا۔ مسلم لیگ ن کے باخبر ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ اس دورے میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت بھی ان کے ہمراہ ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور علاقے کے معززین نے نواز شریف پر زور دیا ہے کہ وہ سیالکوٹ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں لیکن ان کی جانب سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہیں کوئٹہ سمیت ملک کے کئی علاقوں سے ایسی درخواستیں موصول ہوتی رہی ہیں۔ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ نواز شریف سیالکوٹ میں کسی جلسے سے خطاب کریں گے۔