کراچی (اسٹاف رپورٹر) نان اسٹاپ بھارت نے ویرات کوہلی کی ریکارڈ 50ویں ون ڈے سنچری اور محمد شامی کی سپر سیون وکٹوں کی بدولت نیوزی لینڈ کو70 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ شامی نے 57رنز دے کر سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بھارت نے مسلسل دسواں میچ جیتا۔2011 میں اس نے ہوم گراؤنڈ پر ورلڈ کپ جیتا تھا۔ محمد شامی اشیش نہرا کے بعد دوسرے بھارتی بولر ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ میچ میں چھ یا زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کی مجموعی وکٹوں کی تعداد23ہوگئی ہے۔نیوزی لینڈ327 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں پہلے سیمی فائنل مقابلے میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 4 وکٹ پر 397 رنز بنائے جو اب تک ورلڈ کپ سیمی فائنل کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ نیوزی لینڈ کی اننگز میں ڈیرل مچل نے119گیندوں پر134رنز بنائے انہوں نےسا ت چھکے اور9چوکے مارے۔ کین ولیمسن 69 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ڈیون کونوے اور راچن رویندرا کے 13 ، 13 ، گلین فلپس 41 ،ٹم ساؤدی 9 ، مچل سینٹنر 8 اور لوکی فرگوسن کے 6 اورٹام لیتھم صفر پر آؤٹ ہوئے۔ قبل ازیں ویرات کوہلی نے 113 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 117 ، شریاس ائیر 70 گیندوں پر 8 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے۔ ویرات کوہلی نے شریاس کے ہمراہ 163 رنز کی شراکت قائم کی۔ کوہلی ون ڈے کرکٹ میں 50ویں سنچری اسکور کر کے یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیائے کرکٹ کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 49سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا ۔ شریاس ائیر نے 67 گیندوں پر سنچری بنائی۔ لوکیش راہل نے 20 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی بدولت 39 رنز بنائے۔ شبمن گل 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنا کر سنچری کی جانب گامزن تھے لیکن اسی اسکور پر انہیں پٹھوں میں کھنچاؤ کی شکایت ہوئی اور وہ ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ روہت شرما نے 29 گیندوں پر چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔