کوئٹہ، لاہور (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں کیا تبدیلی لائے، کہاں گئی وہ تبدیلی، عوام کو پوچھنا چاہئے، ہمیں اپنے لئے اقتدار نہیں بلکہ خوشحال پاکستان چاہئے ، ایسا پاکستان چاہتے ہیں کہ جہاں عوام کی زندگی آسان ہو ، شہباز شریف کا کہنا ہے کہ رونے دھونے اور الزام تراشی سے کچھ نہیں ہوگا، جسے عوام وزیراعظم منتخب کرینگے قوم اسے قبول کریگی، جبکہ مریم نواز کا کہنا ہے کہ وعدہ ہے پنجاب کی طرح بلوچستان پر بھی توجہ دینگے، تین چار سال میں بلوچستان کی حالت بدل جائے گی۔ بدھ کو کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہم ایسا پاکستان بنارہے تھے جہاں مہنگائی نہ ہو، عوام کی زندگی مشکل نہ ہو،ہم نےبلوچستان میں چار سو چھوٹے ڈیمز، کچھی کینال کوسٹل ہائی وے بنائی ، یہاں باتیں کرنے والے بہت آئے لیکن عملی طور پر کچھ نہیں کیا،ایسا پاکستان بنارہے تھے جہاں مہنگائی نہ ہو،عوام کی زندگی مشکل نہ ہو ،عوام کو بجلی کے مہنگے بلوں سے آزاد کرنا چاہتے ہیں۔