• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوجرانوالہ کی خاتون ٹیچر سسٹر زیف کو ’’گلوبل ٹیچر پرائز 2023‘‘ کے بین الاقوامی اعزاز سے نوازا گیا

کراچی (نیوز ڈیسک) گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون ٹیچر سسٹر زیف کو اپنے گھر کے صحن میں پسماندہ بچوں کے لیے اسکول قائم کرنے پر بین الاقوامی اعزاز ’گلوبل ٹیچر پرائز 2023ء‘ سے نوازا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی تنظیم ورکی فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان کے صوبے پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی انگریزی، اردو، ثقافت، بین المذاہب ہم آہنگی، موسمیاتی تبدیلی کی ٹیچر ’سسٹر زیف‘ ورکی فاؤنڈیشن گلوبل ٹیچر پرائز 2023ء کی فاتح قرار پائی ہیں۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس ایوارڈ کا اہتمام یونیسکو اور ان کے شراکت دار متحدہ عرب امارات کی عالمی فلاحی تنظیم دبئی کیئرز کے تعاون سے کیا گیا۔ٹیچر زیف کا انتخاب دنیا بھر کے 130 ممالک سے گلوبل ٹیچر پرائز کے لیے 7ہزار سے زائد نامزدگیوں اور درخواستوں میں سے کیا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیچر نے پیرس میں منعقدہ یونیسکو کی جنرل کانفرنس کے دوران ایک تقریب میں 8 نومبر 2023ء کو اپنا اعزاز وصول کیا۔ ڈائریکٹر جنرل یونیسکو آڈری ازولے نے پاکستانی ٹیچر کو یہ اعزاز حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 26 برس قبل سسٹر زیف نے صرف 13 برس کی عمر میں ایسے بچوں کے لیے اپنے گھر کے صحن میں اسکول قائم کیا تھا جن کے والدین اسکول فیس برداشت نہیں کر سکتے تھے۔اب یہ اسکول ایک الگ اور نئی عمارت میں منتقل کر دیا گیا ہے جس میں 200 سے زائد بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ 
اہم خبریں سے مزید