اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد)شوگر انڈسٹری نے پانچ لاکھ ٹن چینی برآمد کی اجازت مانگ لی، قومی خزانے کو 40کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ مل سکے گا پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پنجاب زون) کی جانب سے وفاقی وزیرِ تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز ملاقات کا وقت دینے کی استدعا کی ہے جس میں ملکی شوگر انڈسٹری کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے۔ خط کے اہم مندرجات کے مطابق ایف بی آر کے تازہ ترین اعداد و شمار یہ کہتے ہیں کہ31اکتوبر، 2023کو پاکستان کی شوگر ملوں کے پاس گیارہ لاکھ تیس ہزار میٹرک ٹن چینی کا ذخیرہ موجود ہے۔ گنے کی قیمتوں، شرح سود اور درآمدی کیمیکلز جیسے اہم لاگت کے اجزاء میں بے پناہ اضافے کی وجہ سے چینی کی قیمتیں پہلے ہی اس کی پیداواری لاگت سے کم ہیں۔ اس موقع پر پانچ لاکھ میٹرک ٹن فاضل چینی برآمد کی اجازت دینے سے نہ صرف گنے کے کاشتکاروں کو بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ ملکی خزانے کو تقریباً 400ملین امریکی ڈالر کا انتہائی قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہو سکے گا۔