• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر شی ڈکٹیٹر ہیں، بائیڈن، چین کا اظہار ناراضی

واشنگٹن (اے ایف پی، جنگ نیوز)امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کے چینی ہم منصب کے درمیان ملاقات میں تعلقات بحالی کے وعدوں کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان ایک بار پھر تنازع کھڑا ہوگیا ، صدر بائیڈن نے چینی صدر سے ملاقات کے بعد ایک بار پھر انہیں ڈکٹیٹر (آمر) قرار دے دیا ، چین نے امریکی صدر کے بیان کو "انتہائی غلط" قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور ناراضی کا اظہار کیا ہے ،قبل ازیں امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ نے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ کم کرنے کے لئے فوجی سطح پر رابطے بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ یہ مذاکرات امریکی ریاست کیلیفورنیا میں سان فرانسسکو کے قریب ایک تاریخی مقام پر ہوئے۔ ایک سال سے زیادہ عرصے میں پہلی بار دونوں حریف رہنماؤں کے درمیان بدھ کو بات چیت ہوئی۔ شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان فوجی سطح پر رابطے بحال کئے جائیں گے۔ چینی سرکاری میڈیا نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکی ہم منصب کیساتھ اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد کہا کہ ان کا ملک کسی کیساتھ جنگ نہیں چاہتا، سن فرانسسکو میں کاروباری شخصیات کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کسی پر اثر انداز ہونا چاہتا ہے اور نہ ہی کسی کیساتھ سرد یا گرم جنگ لڑنے کا خواہاں ہے ۔

اہم خبریں سے مزید