• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈکپ، حکمرانی کا تاج کس کے سر، فیصلہ آج، بھارت، آسٹریلیا مدمقابل

کراچی(نمائندہ جنگ)اگلے چار سال ون ڈے کرکٹ کی حکمرانی کا تاج کس کے سر سجے گا اس کا فیصلہ اتوار کی شب احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ ورلڈ کپ فائنل دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔

روہت شرما کی کپتانی میں بھارتی ٹیم دس لگاتار میچ جیت کر ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے جبکہ آسٹریلیا نے پیٹ کمنز کی قیادت میں ابتدائی دو میچ ہارنے کے بعد اگلے آٹھ میچ جیتے ہیں۔

ایک لاکھ 32ہزار تماشائیوں والے اسٹیڈیم کے ٹکٹ نایاب ہوگئے ہیں اور کرکٹ کا بخار اپنے عروج پر ہے۔

 موجودہ ورلڈ کپ کے لئے آئی سی سی نے مجموعی طور پرایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے ۔

 فائنل جیتنے والی ٹیم کے لئے40لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 20لاکھ ڈالرز ملیں گے۔بھارتی ٹیم چوتھی بار ورلڈ کپ فائنل کھیل رہی ہے۔

اس نے1983اور 2011میں ورلڈ کپ جیتا تھا جبکہ آسٹریلیا ریکارڈ پانچ بار ورلڈ کپ جیت چکی ہے یہ اس کا چھٹا فائنل ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان2003کے ورلڈ کپ کا فائنل ہوا تھا لیکن آسٹریلیا نے با آسانی میچ اور ٹائٹل جیت لیا تھا۔ 

میزبان ٹیم کی جانب سے ویرات کوہلی 711رنز اور محمد شامی 23وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پر ہیں جبکہ آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا نے22وکٹ حاصل کئے ہیں۔

پیٹ کمنز جانتے ہیں کہ فائنل میں ہوم گراؤنڈ میں شائقین کی اکثریت بھارت کو سپورٹ کرے گی لیکن ان کا کہنا ہے کہ پچ کا ایڈوانٹیج کوئی حیثیت نہیں رکھتا، آسٹریلوی کپتان نے تماشائیوں سے دباؤ میں آنے کے بجائے اپنے کھلاڑیوں کو ا سے اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق فائنل میچ کے لیے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں بنائی گئی پِچ سِلو ہوگی،یہ پچ پاک بھارت میچ جیسی ہوگی جو کہ 14 اکتوبر کو کھیلا گیا تھا، یہ پچ بلے بازوں اور بولرز دونوں کے لیے سازگار ہے۔

پچ کیوریٹر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے لیے 315 تک بہترین اسکور ہوسکتا ہے، یہ ایک قابل دفاع اسکور ہوگا کیونکہ بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو مشکل ہوگی۔

اسپورٹس سے مزید