کراچی (اسٹاف رپورٹر) محمد عمران اور محمد عباس آفریدی کی عمدہ بولنگ، وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کی آل راؤنڈ کارکردگی کے نتیجے میں پشاور ریجن کی ٹیم پاکستان کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کی چیمپئن بن گئی۔ کراچی کی مضبوط بیٹنگ لائن103رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اتوار کے روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں فائنل میں پشاور نے کراچی وائٹس کو5 وکٹوں سے ہرادیا۔ پشاور نے یہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پشاور نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ دی جو 31.2 اوورز کی بیٹنگ میں صرف 103رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اعظم خان پانچ چوکوں کی مدد سے30رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ کپتان سرفراز احمد نے دو چوکوں کی مدد سے22رنز بنائے۔ صائم ایوب11رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد عمران نے28رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں جو لسٹ اے ون ڈے میں ان کی بہترین انفرادی بولنگ ہے۔ عباس آفریدی نے20رنز کے عوض 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ وکٹ کیپر محمد حارث نے چار جبکہ افتخار احمد نے تین کیچز کیے۔ پشاور ریجن کی اننگز میں کپتان صاحبزادہ فرحان ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے16رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ اس کے بعد محمد حارث نے ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے46رنز کی اننگز کھیلی ۔ اگرچہ کراچی وائٹس کے بولرز اس دوران پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے لیکن ہدف کم ہونے کی وجہ سے وہ پشاور کو جیت سے نہ روک پائے۔ عادل امین دو چوکوں کی مدد سے14رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد عمران پلیئر آف دی فائنل قرار پائے۔حسیب اللہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، وہ ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپربھی رہے۔ صائم ایوب بہترین بیٹر قرار پائے۔ زاہد محمود اور عباس آفریدی نے بہترین بولرز کا اعزاز حاصل کیا۔