• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل حماس جنگ، اسلامی ممالک کے وزرا آج سے چین کا دورہ کریں گے

ریاض (شاہد نعیم )سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے دوران عرب اور مسلم دنیا کے وزرا آج (پیر ) سے چین کا دورہ کریں گے .

 دورے کا مقصد غزہ جنگ کے خاتمے کے لئے کوششیں ہیں، غزہ میں جنگ بندی اور انسانی امداد کی ترسیل ممکن بنانے کیلئے دیگر ممالک بھی جائیں گے، انہوں نے یہ بات رواں ماہ کے شروع میں ہونے والی عرب اسلامی سربراہ کانفرنس میں ہونےوالے فیصلوں کی روشنی میں بتائی ہے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان بحرین کے دارالحکومت میں جاری سکیورٹی کانفرنس کی سائیڈ لائنز میں بات چیت کر رہے تھے ۔

 دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل کے ساتھ بھی غزہ کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ʼ اگرچہ بین الاقوامی برادری امن کی اہمیت پر باہم متفق ہے لیکن اس کے باوجود ابھی تک غزہ میں فوری جنگ بندی کے معاملے کو توجہ نہیں دی گئی ہے۔ʼ

شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ʼ ہم امید رکھتے ہیں کہ فلسطینی ریاست کے قیام سے مستقل امن ممکن ہو گا تاہم اس کے لیے نئی کوششیں شروع کرنے کی ضرورت ہے۔

 اس سے خطے میں بھی امن ہوگا۔ʼ انہوں نے مزید کہا ʼ تاہم فوری ضرورت اور ترجیح غزہ میں جنگ روکنے کی ہے۔ اس کے لیے ہم سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی۔ کیونکہ غزہ میں جنگ سے عام شہری مصائب کا شکار بن رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید