کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا نے آج ان باتوں کا اعتراف کرلیا جن کی وہ ماضی میں تردید کرتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کے حوالے سے جنگ اور جیو میں شائع ہونے والی خبروں کی ماضی میں تردید کر تے رہے ہیں تاہم آج جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘‘ میں دیئے گئے انٹرویو میں ان باتوں کا اعتراف کیا ہے۔
دوران انٹرویو شاہ زیب نے سوال کیا کہ آپ اُس وقت نہیں بولے تو کسی کے ڈر کے وجہ سے نہیں بولے تو آج بول رہے ہیں اس پر خاور مانیکا نے جواب میں کہا کہ ’میں آپ کو واضح بات بتا دوں جب ان کا نکاح ہوا اس کے فوراً بعد مجھے ذلفی اور فرح گوگی کے بارہا مجھے فون آئے اور انہوں نے مجھے صاف یہ بات کہی کہ میاں صاحب اب یہ مرید ہے اور اس نےآگے وزیراعظم بننا ہے اور بہتر ہے کہ آپ خاموش رہیں‘۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ’میں نے اس کو ہلکا لیا کہ یہ دھمکی ہے کوئی نہیں ایسے وقت گزر جائے گا لیکن پھر اور لوگوں سے مجھے فون کرائے اور اس طرح کے فون کرائے تو اس سے محسوس ہوا یہ تو میرے بچوں کی زندگی داؤ پر لگا کر رکھ دیں گے تو میں اس پر خاموش ہوگیا، لیکن اب میں ٹوٹ گیا ہوں، تھک گیا ہوں جو میرے دل میں ہے میرا ضمیر میرا دل اجازت نہیں دیتا کہ بوجھ کے ساتھ بیٹھا رہوں‘۔