اسلام آباد(ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پارٹی صدرشہباز شریف کی اسلام آبادمیں جمعیت علما اسلام کے سربراہ فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ‘سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات پر تبادلہ خیال ‘ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے ملکر آگے چلنے پر اتفاق کیاہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پرمیڈیا سے مختصر گفتگومیں نواز شریف کا کہناتھاکہ خاورمانیکانے جوباتیں کی ہیں اس کے بعد عمران خان کو ریاست مدینہ کا نام نہیں لیناچاہیے ۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ مستقبل میں ن لیگ کے ساتھ مل کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے، انتخابی مراحل میںبھی ہم مفاہمت اور ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ بڑھیں گے ‘بزرگ اور بچے کی سوچ میں فرق ہوتا ہے یہی فرق بلاول کے بیانات میں نظر آرہا ہے‘پیپلز پارٹی کیخلاف انتہا پسندانہ رویہ اختیار نہیں کریں گے‘جس پارٹی کا جہاں حق بنتا ہے، کسی کو اس کی پارٹی کے حق سے محروم نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ملک کے خلاف سازشیں اور فتنے اب بھی موجود ہیں اور یہ دوبارہ سر نہ اٹھا سکیں، اس کے لیے سب کو سوچنا ہو گا۔اگر پیپلز پارٹی سے معاملات بن جاتے ہیں تو ٹھیک ہے، اگر نہیں بنتے ہیں تب بھی ہمیں انتخابی مہم میں کوئی تلخی پیدا نہیں کرنی چاہیے۔بلاول سے متعلق ان کا کہنا تھاکہ ماضی میں کتنی دھمکیاں آئی ہیں کہ اگر میری اکثریت نہ آئی تو ہم اس الیکشن کو تسلیم نہیں کریں گے۔