اسلام آباد( رانا غلام قادر )نگران وفاقی حکومت نے آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو عہدوں سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ،اِس حوالے سے مزید تاخیر نہیں کی جائے گی۔ عرفان نواز میمن پاکستان ایڈ منسٹر یٹو سروس کے گریڈ19 کے افسر ہیں جبکہ ڈاکٹر اکبر ناصر خان پولیس سروس کے گر یڈ20 کے افسر ہیں۔ الیکشن کمیشن نے گزشتہ ماہ 26 اکتوبر کو سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نام ارسال کردہ مراسلے میں آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو عہدوں سے ہٹانے کی ہدایت کی تھی تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے عمل درآمد نہیں کیا جا رہا تھا لیکن اب مثبت پیشرفت ہوئی ہے ،وزارتِ داخلہ نے آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو تبدیل کرنے کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھ دیا ۔