اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق وفاقی وزیر و سینیٹر وقار احمد خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ PP سے تعلق پر فخر، مگر اب نوازشریف سیاسی استحکام کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،۔ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام، جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی اور سردار یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وقار احمد خان نے کہا کہ کسی بھی ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا بھی بڑا کام تھا۔ امیر مقام اور مرتضیٰ جاوید عباسی سے 2 سال سے بات چیت چل رہی تھی۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں ان کا فوکس دیکھا تو سمجھ آئی، وقت کی ضرورت ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا جائے۔ ڈیفالٹ پاکستان کے سر پر کھڑا تھا اسحاق ڈار اور معاشی ٹیم نے ملک کو بحران سے نکالا۔ مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے دلیرانہ فیصلے کئے اور اپنی ذات کی نفی کرکے وطن کو مشکلات سے نکالا۔