• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نواز شریف ہونگے، سندھ میں پی پی مخالف اتحاد بنے گا، ن لیگ، ایم کیو ایم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف ہوں گے اور سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف اتحاد بنے گا، پیپلز پارٹی نے صوبہ برباد کیا ، سندھ میں اپنا وزیراعلیٰ لائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نےبدھ کو مسلم لیگ ہاؤس کراچی میں مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے ۔ایم کیو ایم کے وفد میں امین الحق ،جاوید حنیف اور حسان صابر شامل تھے جبکہ مسلم لیگ (ن)کی جانب سے نہال ہاشمی اور علی اکبر گجر ملاقات کا حصہ تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ امین الحق کی قیادت میں وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔آج ہماری مختلف حوالوں سے بات چیت ہوئی ہے ۔کراچی اور سندھ کے حوالے سے بھی مثبت گفتگو ہوئی ہے۔ہماری ایک دو نشستیں اور ہوں گی۔ہم نے ایک دوسروں کے سامنے اپنی اپنی بات رکھی ہے ۔کراچی اوراندرون سندھ پربھی بات ہوئی ہے۔تحفظات بھی ایک دوسرے کے سامنے رکھے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ محمد نواز شریف کے اکنامی وژن کو سندھ میں بھی لیکر آئیں گے۔ سندھ کے لوگ پندرہ برسوں میں کچھ نہیں کرسکے۔ہم سندھ کے لوگوں کیلئے شہباز اسپیڈ لیکر آئیں گے ۔انہوںنے کہا کہ ہم اس سسٹم کے خلاف ہیں جس نے وسائل کو لوٹاہے ۔ ہم سندھ میں اپنا وزیر اعلیٰ لے آئیں گے۔ ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور ن لیگ کی اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہے۔ گزشتہ ہفتے ہمارا وفد نے نوزا شریف سے بھی ملاقات کی تھی جس میں طے ہوا تھا ہم نے سندھ میں آگے کیسے بڑھنا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو برباد کیا ہے ۔8فروری کے الیکشن میں مشترکہ حکمت عملی طے کررہے ہیں ۔
اہم خبریں سے مزید