کراچی (ٹی وی رپورٹ) ترجمان تحریک انصاف نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی تاحیات ہے اسے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے ختم نہیں کیا جاسکتا، تحریک انصاف اور عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے.
قومی سلامتی کونسل کی میٹنگ میں سائفر ڈیمارش کیا گیا اس کا مطلب سائفر شہباز شریف کی کسٹڈی میں تھا۔
وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما عطاء تارڑ اور پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل بھی شریک تھے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ نواز شریف کی تاحیات نااہلی کو الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد پانچ سال کی نااہلی میں بدل دیا گیا ہے، سائفر کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے ، اسپیشل جج چار ہفتے میں ٹرائل منطقی انجام تک پہنچانے کے پابند ہیں، لاپتہ بلوچ طلبہ کی واپسی شروع ہوجانی چاہئے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھ کر یہ مسئلہ حل کرنا چاہئے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل نے کہا کہ بلوچ طلبہ کی بازیابی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے نگراں وزیراعظم کو بلانے کی کوئی اہمیت نہیں ہے، وزیراعظم اور وزیرداخلہ دونوں کا تعلق بلوچستان سے ہے مگر یہ ان کے بس کی بات نہیں ہے، قانون کے مطابق گرفتاری کے چوبیس گھنٹے میں ملزم کو عدالت میں پیش کرنا ہوتا ہے مگر یہاں برسوں گزرجاتے ہیں۔قادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ اٹھار ہ سال کے ڈیڑھ کروڑ نوجوانوں کو ووٹ کا حق میں نے دلوایا ہے میں عمران خان کا وکیل تھا ۔
ترجمان تحریک انصاف نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کو الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے رد نہیں کیا جاسکتا،نواز شریف کی نااہلی تاحیات ہے اسے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے ختم نہیں کیا جاسکتا، کسی بھی جرم پر اس وقت کا قانون لاگو ہوتا ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ کسی قانون میں آج ترمیم کر کے پرانے کسی کیس میں فائدہ دیا جائے۔
نعیم حیدر پنجوتھہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بائیومیٹرک کرنے کیلئے عدالت میں بلوایا گیا تھا، عمران خان نو مئی کو اسی بائیومیٹرک والے کمرے سے اغوا ہوئے تھے۔