• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومت کے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اشتہارات کی مد میں اخبارات کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اور اس کے لئے تمام وفاقی وزارتوں اور اداروں سے بھی فوری رابطہ کیا جائے۔ نگران وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گڈ گورننس کو یقینی بنانے اور عوام الناس کو آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے، ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام، بجلی چوری کے تدارک اور دیگر اقدامات سے عام آدمی کو فائدہ پہنچ رہا ہے جس کی آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت معاشی استحکام کی حکمت عملی کی اہمیت کو عوام تک پہنچانے میں میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔اے پی این ایس کے وفد میں صدر ناز آفرین، سیکرٹری جنرل سرمد علی، فنانس سیکرٹری شہاب زبیری شامل تھے۔اس موقع پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اہم خبریں سے مزید