کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ، آصف زرداری نے انٹرویو کسی کے کہنے پر نہیں اپنی خواہش پر دیا، آصف زرداری کا انٹرویو اور بلاول کا دبئی جانا پروگرام کے مطابق ہے بلاول نے اپنی پروفائل تصویر تبدیل کر کے کیا بغاوت کا اعلان کردیا ،پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بلے کے نشان سے متعلق جو فیصلہ کیا اس سے زیادہ کا خدشہ تھا، ہمیں خدشہ تھا الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کو بلے کا نشان نہ دینے کافیصلہ کرے گا، الیکشن کمیشن نے انٹراپارٹی الیکشن کی شرط رکھ کر درمیانی راستہ نکالا ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق انٹراپارٹی الیکشن کروائیں گے لیکن ساتھ فیصلے کیخلاف اپیل بھی کریں گے، پارٹی الیکشن کیلئے جنرل الیکشن کی طرح وقت نہیں لگتا ہے، انٹراپارٹی الیکشن ایک دو دن کا پراسس ہوتا ہے۔پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بلاول بھٹو شیڈول کے مطابق خیبرپختونخوا سے دبئی گئے، بلاول بھٹو کل اور آصف زرداری آج دبئی گئے ہیں، بلاول بھٹو کا دبئی جانا معمول کی بات ہے، بلاول بھٹو خفا نہیں جوآصف زرداری انہیں منانے جائیں، بلاول بھٹو کی پروفائل تصویر عموماً تبدیل ہوتی رہتی ہے، بلاول نے اپنی پروفائل تصویر تبدیل کر کے کیا بغاوت کا اعلان کردیاہے۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کا انٹرویو اور بلاول کا دبئی جانا پروگرام کے مطابق ہے، بلاول بھٹو دو دن کیلئے دبئی گئے ہیں، بلاول بھٹو نے انتخابی مہم شروع نہیں کی ورکرز کنونشن کیے ہیں، الیکشن شیڈول کے بعد باقاعدہ انتخابی مہم شروع کریں گے،بلاول کہتے ہیں ملک میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے، نوجوان ہی نوجوان کے مسائل صحیح انداز میں پیش کرسکتے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن کے بعدن لیگ اور جے یو آئی حلف اٹھانے کیلئے تیار نہیں تھی۔