اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سالانہ پانچ ہزار ارب کی کرپشن،ذمہ دار تینوں پارٹیوں کی حکومتیں ہیں،ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ایک ہزار افراد کا جلوس بھی فلسطینیوں کے حق میں نہیں نکالا، 8فروری عوام دشمن سیاسی جماعتوں کیلئے یوم سوگ ہو گا، 75برسوں میں جرنیلوں اور تین سیاسی پارٹیوں کی حکومتوں کو دیکھ لیا، ان میں کوئی بھی ملک اور قوم کی حالت بہتر نہیں کر سکا، آج معاشی بدحالی، ناانصافی، ظلم و جبر، مہنگائی، بے روزگاری، زراعت و صنعت کی تباہی انہی حکومتوں کی بدولت ہے، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی نے ایک ہزار افراد کا جلوس بھی فلسطینیوں کے حق میں نہیں نکالا، کیا یہ لیڈر مسلمان اور پاکستانی نہیں؟ یہ مسجد اقصیٰ کی آزادی پر خاموش، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں غیرجانبدار رہے، ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کیلئے ایک لفظ بھی نہ بولے، ایسی قیادت کا عوام محاسبہ کریں۔ آج جنوبی پنجاب سے جماعت اسلامی الیکشن مہم کا آغاز کر رہی ہے، اگر قوم چاہتی ہے ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو اور دیانت دار قیادت آئے تو پھر عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جنوبی پنجاب کے دو روزہ خوشحال پاکستان روڈ کارواں کے پہلے روز ڈیرہ غازی خاں، تونسہ میں جلسہ عام اور ریتلہ، واہوا، شاہ صدر دین، ٹبی قیصرانی، ناڑی، کوٹ موڑ، کلمہ چوک تونسہ، اڈا کریم والا، شادن لُنڈ، ڈولے والا میں عوامی استقبال سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔