• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز: نگراں وزیرِ خارجہ کی جی ایس پی پلس پراہم ملاقاتیں

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے سرکاری دورے پر آئے ہوئے نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی کی برسلز میں اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے یورپی پارلیمان کی نائب صدر اور نئے جی ایس پی پلس کے لیے خصوصی رپورٹر ہیدی ہوتالا (Heidi Hautala) اور یورپین پارلیمنٹ کی امورِ خارجہ کمیٹی کے چیئرمین ڈیوڈ میک السٹر سے ملاقاتیں کیں، دونوں میزبانوں نے یورپی پارلیمنٹ آنے پر وزیرِ خارجہ کو خوش آمدید کہا۔

دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی شراکت داری، جی ایس پی پلس سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ یورپی یونین، پاکستان کا انتہائی اہم تجارتی شراکت دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کے ساتھ جی ایس پی پلس کا تسلسل خوش آئند اقدام ہے، جس سے دو طرفہ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت ملے گی، یہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔

دونوں فریقین نے یورپی یونین اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیرِ خارجہ نے حکومتِ پاکستان کے اس مؤقف کو دہرایا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعمیری شراکت داری کا خواہاں ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تجارت سمیت مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اس کے ساتھ ہی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہم پاکستان اور یورپی یونین کے مابین پارلیمانی سطح پر روابط کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین ڈیوڈ میک السٹر نے دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، پاکستان اور یورپی یونین کے مابین پارلیمانی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا۔

انہوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹریٹیجک تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کے لیے یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے ہر ممکن معاونت کی فراہمی کا یقین دلایا۔

یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ بھی ملاقاتوں میں وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود تھیں۔

خاص رپورٹ سے مزید