کراچی (اسٹاف رپورٹر) فاسٹ بولر حارث رؤف کی جانب سے آسٹریلیا میں ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ سینٹرل کنٹریکٹ اور ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی این او سی کیلئے سخت پالیسی بنارہا ہے ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے منگل کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ اب سب سے پہلے پاکستان کی پالیسی بنائی جارہی ہے۔ کنٹریکٹ والوں کیلئے پاکستان کی نمائندگی اور ریڈ بال کھیلنا اولین ترجیح قرار دی جارہی ہے۔ پاکستان کے نمائندگی کیلئے فرسٹ کلاس کرکٹ کو لازمی قرار دے کر پالیسی کا حصہ بنایا جارہا ہے۔ حارث رؤف کے بارے میں فزیو کی رپورٹ ہمارے پاس موجود ہے اس کے مطابق کوئی ایسا ایشو نہیں تھا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیل سکتا ۔ سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کو ہر کٹیگری میں کھیلنا ہوگا۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی کٹیگری فیوچر ٹور پروگرام پر بنتی ہے۔ کنٹریکٹ اس لیے دیا جاتا ہے کہ وہ ہر فارمیٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ اگر حارث رؤف ریڈبال نہیں کھیلنا چاہتے تو یہ سب ان کے کنٹریکٹ مطابق دیکھیں گے۔ لیگز کے حوالے سے ورک لوڈاور تھکاوٹ کی چیزیں سامنے آئیں این او سی پالیسی میں ہم نے بہت چیزیں دیکھنا ہے۔ عماد وسیم نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کیے تھے ، ان نیوزی لینڈ میں دستیابی کا پوچھا ، انہوں نے دو دن بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ محمد عامر سے بھی ریٹائرمنٹ واپس لے کر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا کہا لیکن عامر نے کہا کہ وہ اب لیگز ہی کھیلنا چاہتے ہیں ۔