اسلام آباد /راولپنڈی(ایجنسیاں)عمران خان انٹراپارٹی الیکشن سے دستبردار ‘چیئرمین کے عہدے کے لیے بیرسٹر گوہر خان کو اپنا امیدوار نامزد کردیا۔ پی ٹی آئی کے وکیل سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ یہ مائنس ون ہے نہ کوئی بغاوت ہے‘ ہم نے قانونی تقاضے پورے کرنے ہیں‘پی ٹی آئی عمران خان کے بغیر کچھ نہیں جبکہ بیرسٹر گوہرکا کہناہے کہ خان صاحب ہمارے لیڈر ہیں چاہے وہ جیل کے اندر ہوں یا باہر‘خان صاحب کی باعزت واپسی تک ذمہ داری نبھاؤں گا۔پیرکو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹرعلی ظفرکا کہنا تھاکہ بیرسٹر گوہر تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن میں چیئرمین کے امیدوار ہوں گے‘چیئرمین پی ٹی آئی نے انہیں عارضی امیدوار بنایا ہے۔ہم ہفتے کے دن انٹرا پارٹی الیکشن کرائیں گے۔عمران خان ہی اصل پی ٹی آئی ہیں‘عمران خان انٹرا پارٹی الیکشن نہیں لڑ رہے تاہم عمران خان نے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کی منظوری دیدی ہے، جو نام چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا وہ نام بیرسٹر گوہر کا ہے۔اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہمارا وہی نظریہ ہے جو چیئرمین پی ٹی آئی کا ہے‘پی ٹی آئی وہی ہے ہماری جدوجہد بھی وہی ہے جو خان صاحب کی تھی۔قبل ازیں لطیف کھوسہ کا اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ کوئی مائنس ون نہیں ہو گا، میں ہی چیئرمین پی ٹی آئی کا امیدوار ہوں، بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے۔