اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سول جج اسلام آباد مرید عباس خان نے خاتون جج دھمکی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بریت کی درخواست خارج کرتے ہوئے ٹرائل شروع کرنے کیلئے سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ بدھ کو سماعت کے دوران اسپیشل پراسکیوٹر رضوان عباسی اور چیئر مین پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بریت کیلئے دائر دفعہ 249 کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی خاتون جج دھمکی کیس میں بریت کے مستحق نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی پر الزام ہے کہ ڈاکٹر شہباز گل کی گرفتاری کے بعد ریمانڈ منظور کرنے پر انہوں نے اگست 2022 میں تقریر کے دوران خاتون جج زیبا چوہدری کا نام لے کر دھمکی دی۔