پشاور(نمائندہ جنگ) پشاور ہائیکورٹ نے 9 اور 10مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران رونما ہونے والے واقعات کے بعد مختلف مقدمات میں نامزد ملزمان کا ٹرائل سپریم کورٹ آف پاکستان فیصلے کے بعد ملٹری کورٹ سے عام عدالتوں کو منتقل کرنے کیلئے دائر درخواست پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس ضمن میں جتنے افراد کو ملٹری حکام کو ٹرائل کے لیے حوالے کیا گیا اسکی تفصیل 14 دسمبر تک عدالت کو فراہم کی جائے۔ جبکہ ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختونخوا عامرجاوید نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے نئے قوانین کے تحت وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا حکومت نے مذکورہ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے جس پر 14 روز میں سماعت ہونا ہے۔جسٹس اعجازانور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے احکامات رٹ پر سماعت کے بعد جاری کئے۔