اسلام آباد(نیوز رپورٹر)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 28 ویں کانفرنس آف پارٹیز کے اعلیٰ سطح اجلاس کے موقع پر برطانوی بادشاہ چارلس سوئم سمیت دیگر عالمی رہنمائوں سے بھی غیر رسمی بات چیت کی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ کے ابتدائی سیشن میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر نگران وزیراعظم نے برطانوی وزیر اعظم رشی سونک، ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن اور دیگر عالمی رہنمائوں سے غیر رسمی بات چیت بھی کی، انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچائو کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچائو کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ، نگران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم، مالدیپ کے صدر محمد معیزو اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف سے بھی ملاقات کی۔
اسی طرح وزیراعظم نے اس موقع پر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی بات چیت کی۔
نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے نیدرلینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹے سے ملاقات کے دوران نیدر لینڈ کی کمپنیوں کو زراعت، باغبانی، پانی کے انتظام اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کو باہمی دلچسپی کے امور پر دوطرفہ اور یورپی یونین کے ذریعے مل کر کام کرنا چاہئے۔