اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کا کرب مشترکہ،دونوں نے ظالم کی مزاحمت کی تاریخ رقم کی۔ بھارت اور اسرائیل کا مسلمانوں کے خلاف ایکا ہے، وہ وقت دور نہیں جب مسجد اقصیٰ آزاد ہوگی اور اولیا کی سرزمین کشمیر پر بھی بھارت کے تسلط کا خاتمہ ہوگا۔ مظفرآباد سے بھارت کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیریوں پر مظالم سے باز آجائے،اسلامی ممالک کے حکمران غزہ پر خاموشی توڑیں، صیہونی جارحیت کے خلاف عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد آزاد کشمیر میں فلسطین و کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق خان، ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ آصف لقمان قاضی،ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ شکیل احمد،،نائب امیرآزاد کشمیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ اور امیر ضلع مظفرآبادراجہ آفتاب عزیر غزالی بھی اس موقع پر موجود تھے۔