اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران نے اپنی کرسی زرداری کے تراشے ہیرے کے حوالے کردی، عمران خان نے اپنے پرانے ساتھیوں کو کوڑا کرکٹ کر دیا، پی ٹی آئی لیڈرز اور کارکنوں کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ لیگی رہنما نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پی ٹی آئی کے نومنتخب چیئرمین بیرسٹر گوہرعلی خان کا انتخابی پوسٹر شیئر کیا ہے جب وہ پیپلزپارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی کی نشست کے امیدوار تھے، اور لکھا ہے کہ تحریک انصاف کے نئے چیئرمین کے2008-2022تک 14 سال آصف زرداری قائد رہے، وہ 2022 میں PTIمیں آئے۔ خواجہ آصف نے عمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اپنی غیر حاضری میں وہ اپنے پرانے ساتھیوں پہ اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔ جس شخص نے ساری عمر لوگوں کو دھوکے دیے ہوں اس کیلئے دوسروں پہ اعتبار مشکل ہو تا ہے۔