کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کرکٹ کے سپر 8 مرحلے میں پشاور، ایبٹ آباد اور فاٹا نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ کراچی اور لاہور وائٹس کو شکست ہوگئی۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ایبٹ آباد نے کراچی وائٹس کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔ ناکام ٹیم 6 وکٹوں پر 147 رنز بنائے۔ ایبٹ آباد نے ہدف چار وکٹ پر حاصل کرلیا۔ سجاد علی نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 56 اور کامران غلام نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے51 رنز اسکور کیے ۔ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں پشاور نے سیالکوٹ کو 73 رنز سے شکست دیدی۔ پشاور نے 4 وکٹ پر 230 رنز بنائے۔ اسراراللہ نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 ، صاحبزادہ فرحان نے پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے58 اور افتخار احمد نے صرف 24 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے55 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی ۔ ناکام ٹیم157 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عباس آفریدی نے 3 جبکہ افتخار احمد اور محمد الیاس نے دو دو وکٹ لیے ۔ افتخار احمد پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں فاٹا نے لاہور وائٹس کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ لاہور وائٹس نے 6 وکٹ پر118 رنز اسکور کیے۔ احمد شہزاد نے 22 رنز بنائے۔ فاٹا نے مطلوبہ اسکور 14.3 اوورز میں تین وکٹ پر پورا کرلیا۔ مین آف دی میچ سمیع اللہ جونیئر نے 51 گیندوں پر 71 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔