لاہور(آئی این پی)لاہور میں گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کا ایک اور اسکینڈل سامنے آ گیا،گروہ کا انکشاف اے کیٹگری کے اشتہاری کی گرفتاری کے دوران ہوا جس کا گردہ نکلا ہوا تھا۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر ڈونرز کا بندوبست کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کیاجنہوں نے نوے شہریوں کے گردے نکلوانے کا اعتراف کرلیا،پولیس کی ابتدائی تفتیش میں گروہ نوکری کے لیے میڈیکل کروانے کا جھانسہ دے کر اسلام آباد لےجا کر گردہ نکال لیا جاتا،غیر قانونی پیوند کاری کا عمل اسلام آباد کے فارم ہاؤس میں کیا جاتا تھا، پیوندکاری میں ملوث ڈاکٹرز کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔گرفتار ملزمان کی شناخت رضا مسیح ، لیاقت اور ذوالفقار کے نام سے ہوئی ہے، جوغریب لوگوں کو پیسوں کا لالچ دے کر گردہ لیتے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان لوگوں کو ڈاکٹر عادل نامی شخص کے حوالے کرکے ایک گردے کےعوض متاثرہ شخص کو 2 لاکھ روپے دیتے تھے۔